Official Web

معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے، سرفراز احمد

کراچی:  قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں جب کہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کاکلیدی کردارہوتا ہے۔

سرفراز احمد نے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار ’’صحت مند نوجوان: مضبوط قوم‘‘ سے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا، پڑھے لکھے نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں آپ لوگ ہی آگے بڑھ کر پاکستان کا نام روشن کریں گے ہمیشہ جتنی آپ محنت کریں گے اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا صلہ دے گا آپ کے سامنے میں اپنی مثال دوں گا کہ ڈھائی سال قبل پاکستان کرکٹ ٹیم میں میری جگہ نہیں تھی آج میں پاکستان ٹیم کا کپتان ہوں۔

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کاکلیدی کردارہوتا ہے اساتذہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں آپ جب زندگی میں کسی بھی مقام پر پہنچیں تو اپنے اساتذہ کو لازمی یاد رکھیں اور ان کا نام لیں آپ کے صرف نام لینے سے ہی ان کو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے آج جامعہ کراچی کے طلبہ نے جو پیار دیا وہ ہمیشہ مجھے یاد رہے گا۔۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ فکری انقلاب کے بغیر معاشرہ کسی بھی طرح فلاح و بہتری کا اعلیٰ نمونہ نہیں بن سکتا۔

سماجی کارکن اور گلوکار شہزاد رائے نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی میں اظہاررائے کی آزادی ہے۔

سیمینار سے رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ، ماہرنفسیات ڈاکٹر عنیزہ نیاز، ماہر غذاڈاکٹر عائشہ عباس، اینکر رضوان جعفر اور اینکر اقرارالحسن نے بھی خطاب کیا۔