Official Web

صدر ٹرمپ اور اتحادی افواج کا شام سے داعش کے مکمل خاتمے کا اعلان

دمشق: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے شدت پسند تنظیم داعش کے سو فیصد خاتمے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں داعش کے آخری ٹھکانے میں گھمسان جنگ کا خاتمہ داعش کی شکست سے ہوگیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شام میں داعش سے برسرپیکار سیریئن ڈیموکریٹک فورس نے بھی شام سے داعش کے سو فیصد خاتمے کا دعویٰ کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں داعش کی مکمل شکست کا اعلان کرتے ہوئے صحافیوں کو داعش جنگجوؤں سے واگزار کرائے گئے علاقوں کے نقشے بھی دکھائے، اسی طرح وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے بھی اپنی پریس بریفنگ کے دوران شام میں داعش کی خود ساختہ خلافت کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی حمایت یافتہ مسلح گروپ سیریئن ڈیموکریٹک فورس نے داعش کے آخری ٹھکانے باغوز میں اپنی فتح کا اعلان کرتے ہوئے داعش کے 5 سالہ خود ساختہ خلافت کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حمایت یافتہ گروپ نے واگزار کرائے علاقوں میں اپنے جھنڈے لہرائے ہیں اور سپاہیوں نے فتح کا جشن منایا۔

ادھر شامی حکومت کی جانب سے داعش کے مکمل خاتمے کے امریکی دعوے سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے، شامی صدر بشارالاسد نے ہی چند ماہ قبل شام میں داعش کے خلاف حتمی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اتحادی فوج کو داعش کے آخری ٹھکانے پر پیش قدمی کی ہدایت جاری کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر اور سیریئن ڈیموکریٹک فورس نے اپنے دعوؤں کے ثبوت کے طور پر کسی گرفتار جنگجو یا لڑائی کے دوران مارے جانے والے جنگجوؤں اور ان سے برآمد ہونے والے سلحے یا مغویوں کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ داعش کی جانب سے بھی کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

%d bloggers like this: