Official Web

سافٹ ڈرنکس کا بے تحاشا استعمال ناگہانی موت کا پیغام، تحقیق

ارورڈ: ہر روز ایک سے زائد سافٹ ڈرنکس پینے والے افراد خبردار ہو جائیں کہ یہ عادت ان کیلئے وقت سے پہلے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ سائنس دانوں‌ کا مشورہ ہے کہ لوگ فوری طور پر سافٹ ڈرنکس کا استعمال ترک کر کے اسے پانی سے تبدیل کر دیں تا کہ ان کی زندگی بہتر اور طویل ہو سکے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سائنسی تحقیق کے دوران ماہرین نے 30 سال تک 80 ہزار سے زائد مردوں اور 37 ہزار خواتین کا جائزہ لیا۔ تحقیق میں ماہرین نے لوگوں سے ان کی غذائی عادات اور دیگر تفصیلات پر سوال نامے پر کرائے۔

ان میں ایک سوال سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور فوری توانائی پہنچانے والی سپورٹس ڈرنکس کے بارے میں بھی تھا۔ سروے سے معلوم ہوا کہ جن خواتین اور حضرات نے اس عرصے میں دو سے 6 سافٹ ڈرنکس فی ہفتہ پی تھیں ان میں ایک ماہ میں ایک سافٹ ڈرنک پینے والوں کے مقابلے میں قبل ازوقت موت کا خطرہ 6 فیصد تک زیادہ دیکھا گیا۔

دوسری جانب روزانہ ایک یا دو سافٹ ڈرنک پینے والوں میں یہ خطرہ 14 فیصد تک زیادہ دیکھا گیا۔ تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور ہارورڈ یونیورسٹی کی سائنس داں وسانتی ملِک نے کہا کہ ان کا مشورہ ہے کہ لوگ فوری طور پر سافٹ ڈرنکس کا استعمال ترک کر کے اسے پانی سے تبدیل کر دیں تاکہ ان کی زندگی بہتر اور طویل ہو سکے۔