Official Web

شریف خاندان کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت کچھ دیر میں ہوگی، جہاں استغاثہ کے مزید 3 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز فیملی کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔

العزیزیہ ریفرنس کی آج 25 ویں، فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی 22 ویں اور لندن فلیٹس ریفرنس کی 21 ویں سماعت ہوگی۔

احتساب عدالت نے آج آفاق احمد، عذیر ریحان اور غلام مصفطی کو بطور گواہ طلب کررکھا ہے جبکہ وکیل صفائی خواجہ حارث گواہوں پر جرح بھی کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے خلاف بھی ان کی غیر موجودگی میں شہادتیں ریکارڈ کی جائیں گی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف آج 14ویں مرتبہ احتساب عدالت کے رو برو پیش ہوں گے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز کی یہ 16 ویں اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی 18 ویں پیشی ہوگی۔

کیس کا پس منظر

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔

دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔