Official Web

بھارت پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا ہے، چیئرمین پی سی بی

لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت پہلے دن سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فور) کے کامیاب انعقاد کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔ کرکٹرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ کرکٹ رکنے سے صرف دہشتگردی کی جیت ہوگی۔ دہشگردی کی وجہ سے کرکٹ کو نہیں روکنا چاہیے۔

احسان مانی نے کہا کہ ہماری ریجنل کرکٹ میں بھی سیاست آ گئی ہے۔ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے۔ اس سے سب سے بڑا نقصان کرکٹ کو ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس ایڈیشن میں بڑی تعداد میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا۔

پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی کم کی جائے کیونکہ ہم کراچی شہر کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس سے پتا چلتا ہے ان کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کو بھرپور پذیرائی ملی لیکن بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے دنوں میں مشینری لانے میں مشکلات آئی۔

احسان مانی نے کہا کہ بھارت ہماری پی ایس ایل کو تباہ کرنا چاہتا ہے، وہ سمجھ رہے تھے ہماری لیگ کو نقصان ہوگا مگر ایسا نہیں ہوا۔ پی ایس ایل کی کامیابی پر پوری قوم تعریف کی مستحق ہے۔

احسان مانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کیلئے کوشاں ہے۔ آئندہ پی ایس ایل کیلئے 4 سے 5 سٹیڈیم تیار کریں گے۔ کوشش کرے گے آئندہ پی ایس ایل کا ایک میچ حیدر آباد میں ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ایس ایل میچز کرانا ہمارا عزم تھا۔ پی ایس ایل کے میچز کے انتظامات کیلئے پی سی بی نے بہت محنت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور انتظامیہ نے میچز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا جبکہ ڈی جی رینجرز اور سندھ حکومت نے ہمیں بہت سپورٹ کیا۔