Official Web

’دارچینی‘ صدیوں سے آزمودہ ایک بہترین جڑی بوٹی

کراچی: 

دنیا میں پائے جانے والے درختوں کی ایک قسم جنس دارچینی (Cinnamomum) کہلاتی ہے اور انہی درختوں کی چھال کو ’دارچینی‘ (Cinnamon)  کہا جاتا ہے۔

دارچینی ذائقے کے لحاظ سے شیریں لیکن زبان پر چبھنے والی ہوتی ہے۔ اس کی رنگت ہلکی سیاہی مائل ہوتی ہے اور یہ زیادہ تر ہندوستان، سری لنکا اور چین میں کاشت کی جاتی ہے۔ اس کی مختلف اقسام ہیں جو اپنی جسامت اور رنگت کے لحاظ سے ایک دوسرے سے ذرا مختلف ہوتی ہیں۔ جدید تحقیق سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمومی امراض کے علاوہ دارچینی سے شوگر کے مریضوں کو بھی بہت فائدہ ہوتا ہے، جس کےلیے روزانہ صرف چند گرام دارچینی کا سفوف باقاعدگی سے استعمال کرنا کافی رہتا ہے۔

بعض علاقوں میں یہ خودرو (از خود اگنے والی) بھی ہوتی ہے۔ ہمارے ہاں سری لنکا اور چین کی بہترین دارچینی استعمال کی جاتی ہے جو خوشبو کے لحاظ سے بھی منفرد ہوتی ہے۔

دارچینی کا مزاج گرم اور خشک ہوتا ہے جبکہ کھانوں کو لذیذ بنانے میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔ جس کھانے میں دارچینی استعمال کی جائے وہ نہ صرف ذائقہ دار بلکہ خوشبودار بھی ہوجاتا ہے۔ دارچینی کا کھانوں میں استعمال اس بات کی ضمانت ہے کہ آپ صحت مند رہیں گے کیونکہ یہ بہت سی بیماریوں میں بے حد مفید ہے۔