امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن تیسرے روز میں داخل

واشنگٹن: امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن تیسرے روز میں داخل ہو گیا، عارضی اخراجات کے بل پر ووٹنگ آج ہو گی۔

امریکا میں سرکاری اخراجات کا بل منظور نہ ہونے پر شٹ ڈاؤن جاری ہے اور اس صورتحال کا ذمہ دار ری پبلکن اور ڈیموکریٹ قانون ساز ایک دوسرے کو قرار دیتے ہیں۔ شٹ ڈاؤن کے بعد عارضی اخراجات بل پر ووٹنگ آج ہو گی۔

ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کی ہے کہ ری پبلکن پارٹی کے اراکین سینٹ کے قوانین میں تبدیلی کر کے حکومت کا کام چلانے کیلئے فنڈز کی منظوری دیں جسے ڈیموکریٹک پارٹی نے مسترد کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں حکومتی سرگرمیوں کے لیے کانگریس کے دونوں ایوان سینٹ اور ایوان نمائندگان بجٹ کی منظوری دیتے ہیں اور اگر اختلافات کی وجہ سے یہ بجٹ منظور نہ ہو سکے تو امریکی حکومت کو اپنی سرگرمیاں اور ادارے بند کرنا پڑتے ہیں، اسی بندش کو شٹ ڈاؤن کہا جاتا ہے۔