Official Web

ہم سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت کو ظلم سمجھتے ہیں ،محمود خان

پشاور ( آن لائن)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں رشوت ، چوری اور ظلم کو باعث فخر سمجھا جاتا ہے ، کرپشن اور چوری ڈنڈے نہیں نظام کی شفافیت سے ختم ہو گی ، ہم نے شفاف نظام کے لئے ٹھوس اقدامات کرکے سرکاری اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کر دیا ہے ، موجودہ صوبائی حکومت نے ساڑھے چار سالوں میں اپنے منشور کے مطابق عوام سے کئے گئے وعدوں کو صحیح معنوں میں عملی جامہ پہنایا ، متعدد قوانین بناکر نافذ کئے جس سے ادارے بااختیار ہو گئے ہیں ، ہم سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت کو ظلم سمجھتے ہیں سسٹم کو درست کرنا پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے اور اسی امید پر عوام نے ہمیں ووٹ دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع نلکو مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) ، اے این پی اور جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکنان جن میں یار حسن خان ، گل شے، یاقوت خان ، شوکت علی ، شبا ب علی ، شیر علی ، عبید الرحمان ، اصغر شاہ ، گل امبر ، افضل شاہ اور خلیل اﷲ نے اپنے ساتھیوں سمیت اپنی اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور تمام رہنمائوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔محمود خان نے کہا کہ اگر ملک میں ادارے بااختیار ہوں اور اپنی ذمہ داریاں ٹھیک طریقے انجام دیا کریں تو تمام برائیوں سے بچا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے تاکہ لوگ کرپشن کی نہ سوچیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہر پارٹی نے حکومت بنائی مگر کسی کے پاس عوامی فلاح کا پروگرام نہیں تھا ، ہمیں ماضی کے تباہ حال ادارے اور کرپشن سے بھرا صوبہ ملا ، ہم نے ہر محکمے پر توجہ دی اور پوری ایمانداری سے کام کیا ، آج ماضی اور حال کا معائنہ کریں توواضح تبدیلی نظر آئے گی ۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے وژن اور سوچ کے مطابق خیبر پختونخوا کے اداروں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کردیا ہے ، سیر سپاٹے اور عیاشی کے کلچر کو دفن کردیا ہے #/s#