اسلام آباد: سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں بنچ ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل بنچ میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بنچ میں شامل سینئر جج جسٹس منیب اختر نے گزشتہ روز بنچ میں شمولیت سے معذرت کی تھی، جسٹس منیب اختر نے کہا کہ میری معذرت کو کیس سننے سے انکار نہ سمجھا جائے۔
گزشتہ روز سماعت جسٹس منیب اختر کی عدم موجودگی پر ملتوی کی گئی تھی، جسٹس منیب اختر نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو بنچ میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے دو خط لکھے۔
بنچ میں نئے جج کو شامل کرنے کیلئے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس بھی آج ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی اجلاس کے بعد آرٹیکل 63 اے نظرثانی اپیلوں پر سماعت کیلئے نیا بنچ تشکیل دیا جائے گا۔