Official Web

سکی کناری منصوبے کی طرف سے 12مقامی طلبا میں 4.615 ملین روپے کی گرانٹس تقسیم

اسلام آباد :سی پیک کے تحت تعمیر ہونےوالے سکی کناری پن بچلی منصوبہ نے 12مقامی طلبا کی تعلیم اور فلاح و بہبود کے لئے 4.615 ملین روپے دیئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں پیر کو ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ڈپٹی جنرل منیجر دانش خان نےکہا کہ انرجی چائنا نے خاص طور پر سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن کی ترقی، تعمیر، اور آپریشن کے لیے ایس کے ہائیڈرو (پرائیویٹ) لمیٹڈ قائم کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’خواب حقیقت بن رہے ہیں‘‘ سی ایس آر پروگرام میں مختلف سرگرمیاں شامل ہیں جن میں سکی کناری ہائیڈرو پاور اسٹیشن کے ہیڈ ورکس، گورنمنٹ افیئر سروس سینٹر، ہیلتھ کیئر سینٹر، اور کاغان ریجن میں عوامی بیت الخلا کی تعمیر شامل ہے، جبکہ’’طلبا کی دیکھ بھال‘‘ کے نام سے فیلوشپ پروگرام بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد اس سے سالانہ 3.212 بلین کلو واٹ گھنٹے تک ماحول دوست بجلی پیدا ہونے کی امید ہے، جس سے تقریباً 1.28 ملین ٹن کوئلے کی بچت اور تقریباً 3.2 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی۔

یہ منصوبہ پاکستان میں 10 لاکھ سے زائد گھرانوں کو سستی اور صاف بجلی فراہم کرے گا اورکمپنی پائیدار ترقی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے، ایک چینی ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں پورے عزم کے ساتھ نبھائے گی۔ تقریب میں کمشنر ہزارہ ، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ،مقامی عسکری حکام، پراجیکٹ کمپنی کے عہدیداران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر کیئرنگ فار سٹوڈنٹس پروگرام کے تحت 4.615 ملین پاکستانی روپے کی گرانٹس مقامی طلبا میں تقسیم کی گئیں، جو تعلیم اور مقامی فلاح و بہبود کے لیے کمپنی کے عزم کی عکاسی ہے۔