Official Web

اسرائیل کی لبنان پر وحشیانہ بمباری، ہلاکتیں 570 سے متجاوز

بیروت:  اسرائیل کی لبنان پر وحشیانہ بمباری سے ہلاکتوں کی تعداد 570سے بڑھ گئی جبکہ 18 سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیل نے لبنان کی شہری آبادیوں پر ہزاروں میزائل برسا دیئے، بیروت پر حملوں میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر ابراہیم قبیسی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی حملوں سے بچنے کیلئے سیکڑوں لبنانی شہری نقل مکانی کر گئے، لبنان میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کردیئے گئے، حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر جوابی حملے کرتے ہوئے 300 سے زائد راکٹ داغ دیئے، حملوں میں اسرائیل کے فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکا، چین اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کردی، کئی ممالک کی ایئر لائنز نے تل ابیب اور بیروت کیلئے پروازیں روک دیں۔

لبنانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے بچاؤ کیلئے امریکا کا کردار اہم ہے، ماضی کی مایوسیوں کے باوجود امریکا کی مدد درکار ہے، لبنان سے جنگ کے نتیجے میں اسرائیلیوں کی گھروں کو واپسی میں مدد نہیں ملے گی۔