راولپنڈی: احتساب عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ز ریفرنس کی سماعت ملتوی کردی۔
احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح کی، گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل چودھری ظہیر عباس نے اپنی جرح مکمل کرلی تھی۔
دوران سماعت نیب کے وکلاء کی جانب سے سماعت ہفتہ 21 ستمبر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔
بعدازاں احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت منگل 24 ستمبر تک ملتوی کر دی۔