اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 175 سیاسی جماعتوں میں واحد جماعت ہے جس نے شفاف ترین انٹرا پارٹی الیکشن کروائے۔
اسلام آباد میں انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارا پارٹی کا سٹرکچر موجود ہے، امید ہے 2 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ حل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے الیکشن کمیشن ہماری راہ میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالے گا، لاہور کا جلسہ اپنے وقت پر ہو گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بھی اب چیزیں واضح کر چکی ہے، الیکشن کمیشن کے لئے یہ مناسب نہیں وہ ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بات کرے اور باقیوں کو چھوڑ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن کا کیس سماعت کے لیے مقرر تھا، ہم نے جو دستاویزات جمع کروائی تھیں وہ ابھی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ ہم نے درخواست کی تھی کہ ایف آئی اے سے تمام دستاویزات طلب کی جائیں، پی ٹی آئی 175 سیاسی جماعتوں میں واحد جماعت ہے جس نے شفاف ترین انٹرا پارٹی الیکشن کروائے۔