Official Web

موبی لنک بینک نے مالیاتی امور میں انقلابی تبدیلی کیلئے مرکیوریل مائنڈز کے ساتھ شراکت داری قائم کرلی

اسلام آباد : پاکستان کے معروف ڈیجیٹل مائیکرو فنانس بینک، موبی لنک بینک نے اسمارٹ وخودکار سہولیات فراہم کرنے والے معروف ادارے، مرکیورئیل مائنڈز(Mercurial Minds) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ اشتراک موبی لنک بینک کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ اس سے بینک کی جانب سے اپنی آپریشنل کارکردگی اور صارفین کے تجربات کو بہتر بنانے اور مائیکرو فنانس کے شعبے میں اپنے قائدانہ کردار کو مستحکم کرنے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
موبی لنک بینک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ(Veon Group) کا حصہ ہے، جو چھے عالمی مارکیٹوں میں تقریبا 160 ملین صارفین، یعنی دُنیا کی کل آبادی کے تقریباً 7 فیصد افراد کو مربوط رابطے کی سہولیات اور ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے ۔
مرکیورئیل مائنڈز کے جدید ترین آٹومیشن سلوشنز کو موبی لنک بینک کے آپریشنز میں استعمال کیا جائے گا، تاکہ کلیدی عوامل میں بہتری لائے جا سکے، انسانی وسائل پر کام کے بوجھ کو کم کیا جاسکے، اور عوامل کی درستگی اور ادارے کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کیا جاسکے۔ بار بار کیے جانے والے کاموں کو خودکار بنا کر موبی لنک بینک قیمتی انسانی وسائل کے استعمال میں کمی لائے گا، تاکہ انھیں اسٹریٹجک اقدامات کے فروغ اور صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ یہ شراکت داری جدت طرازی اور اور خدمات میں بہتری لانے کے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کے عین مطابق ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے موبی لنک بینک کے چیف فنانشل آفیسر، عادل علی عباسی نے کہا، ’’مرکیورئیل مائنڈز کے ساتھ ہماری شراکت داری جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکردگی اور کنٹرولز کو بہتر بنا کر اپنے صارفین کو بہترین ڈیجیٹل اور مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے ہمارے وژن کے عین مطابق ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس اہم اقدام سے بینک کی آپریشنل رفتار میں اضافہ ہوگا اور صارفین اور شراکت داروں کو اعلیٰ ترین خدمات فراہم کرنے کے عزم کو تقویت ملے گی۔‘‘
انٹلیجنٹ روبوٹک پروسیس آٹومیشن (آر پی اے) کے نفاذ سے موبی لنک بینک کو باربار دہرائے جانے والے کاموں کو خودکار بنانے، پیچیدہ عوامل کو آسان کرنے اور ادارے بھر میں امور کی انجام دہی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ جدید آٹومیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے بینک اپنے آپریشنل منظر نامے میں انقلاب برپا کرنے کے لئے تیار ہے، جس سے عوامل کی تاثیر اور کنٹرول ماحول میں ٹھوس بہتری آئے گی، جو بینکاری کے شعبے کی کامیابی کے لئے اہم ہیں۔
مرکیورئیل مائنڈز کے سی ای او، صفوان خالد نے شراکت داری کے لئے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم اپنے اسمارٹ آٹومیشن سلوشنز کے ذریعے موبی لنک بینک کے نظام میں بہتری لانے پر نہایت خوش ہیں۔ ہماری سہولیات سخت محنت پر مبنی امور میں کمی کرکے بینک کے آپریشنز میں تبدیلی لائیں گی، تاکہ بینک موثر طریقے سے کام کرنے کے قابل ہوسکے اور اپنے صارفین کو اعلیٰ ترین معیار کی خدمات فراہم کرسکے۔‘‘
پاکستان کے معروف ڈیجیٹل مائیکرو فنانس بینک کی حیثیت سے موبی لنک بینک اپنے صارفین کو الٹرنیٹ ڈیلیوری چینلز (اے ڈی سیز) کے ذریعے قابل رسائی اور سستی مالیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ جدت طرازی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور ایسی جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے ذریعے، جو افراد اور کاروباری اداروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرتی ہیں، موبی لنک بینک انڈسٹری میں اپنے قائدانہ کردار کو مزید مستحکم کررہا ہے۔ ختم شد۔