راولپنڈی : کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلوا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا اور کہا کہ اپنے ریجن کو پولیو فری بنانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرہ جات پلوا کر ان کی قوت مدافعت میں اضافہ کیا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز احمد،ڈسٹرکٹ آفیسر، کوراڈینیٹر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن و دیگر متعلقہ افسران بھی وہاں موجود تھے۔بعد ازاں افتتاح مہم کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آج سے مہم کا انعقاد راولپنڈی سمیت 15 اضلاع میں کیا جا رہا ہے۔ اس میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، چکوال، اٹک، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، راجن پور شامل ہیں۔ 09 ستمبر 2024 سے شروع ہونے والی یہ مہم راولپنڈی، لاہور اور فیصل آباد میں سات روز تک جبکہ بقیہ اضلاع میں پانچ روز تک جاری رہے گی۔ انسداد پولیو مہم میں ضلع راولپنڈی میں 05سال سے کم عمر 07 لاکھ 86 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مہم کے لئے ضلع بھر میں 245 یو سی ایم اوز اور870 ایریا انچارج مقرر کیے گئے۔ اسی طرح 3675موبائل ٹیمیں تشکیل،,330 فکسڈ پوائنٹس جبکہ163 ٹرانزٹ پوائنٹس ہوں گے۔ مہم کے پہلے روزضلع راولپنڈی میں 01 لاکھ 60 ہزاربچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرہ جات پلوانے کا ہدف مقرر ہوا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ اضلاع کا انتخاب وائرس کے پھیلاو کے مدنظر کیا گیا ہے تاکہ مہم کے ذریعے اس پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جسکے لئے مائیکروپلان کو دوباری ترتیب دیا گیا ہے۔ پولیو ٹیمز کو ہر گھر میں دستک دینے اور مہمان و نومولود بچوں کو بھی حفاظتی قطرہ جات پلوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔نیز انسداد پولیو مہم کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کی خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ وائرس کی مقامی افزائش کو روکنے کے لئے ہی گاہے بگاہے انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے پولیو ورکرز سے تعاون کریں۔