Official Web

چینی صدرشی نے افریقہ کیساتھ ملکر جدیدیت کو مشترکہ طورپر آگے بڑھانے کیلئےلائحہ عمل تجویز کردیا

بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہےکہ چین جدیدت کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے کیلئے افریقہ کیساتھ ملکر شراکت داری کے 10منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے کام کرنے کو تیار ہے۔

شی جن پھنگ نے یہ بات چین افریقہ تعاون فورم (ایف او سی اے سی) 2024 کے سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیاکی ایک تہائی آبادی افریقہ اور چین میں رہتی ہے اور چین اور افریقہ کی جدیدیت کے بغیر دنیا کی جدیدت نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ شراکت داری کے 10 منصوبوں پر اگلے دس سال کے دوران عمل کیا جائے گا،جو تہذیبوں کے درمیان باہمی طور پرسیکھنے،تجارتی خوشحالی،صنعتی چینز تعاون،صحت ،زراعت اور ذریعہ معاش، عوامی ثقافتی تبادلوں،ماحول دوست ترقی اور مشترکہ سکیورٹی کا احاطہ کرتے ہیں۔

صدر شی نے چین افریقہ تعلقات کو مشترکہ مستقبل کیساتھ ہر آزمائش پر پورا اترنے والی نئے دور کی چائنا افریقہ برادری میں ڈھالنے کی تجویز پیش کی۔

انہوں تجویز کیا کہ وہ تما م افریقی ممالک جن کے چین کیساتھ سفارتی تعلقات ہیں، ان کے چین کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو سٹرٹیجک تعلقات کی سطح تک بڑھایا جائے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں جانب سے تقریباً 70 سال کی انتھک کوششوں کی بدولت چین اور افریقہ کے تعلقات اب تاریخ کی بہترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔