کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ورلڈ چیرٹی ڈے منایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے زیر اہتمام ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر میں 5 ستمبر کو ’چیرٹی کا عالمی دن‘ منایا جاتا ہے، اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات، سیمینارز، واکس اور کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
2013 سے دنیا بھر میں ورلڈ چیرٹی ڈے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد عوام کو پیسہ اور وقت عطیہ کرنے، خیراتی کام انجام دینے اور دیگر رفاہی کاموں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
صدقہ و خیرات اور سخاوت یا انسانی ہمدردی کے تحت مالی طور پر کی جانے والی امداد چیرٹی کہلاتی ہے، مسلمانوں کو عطیات دینے، زکوٰۃ، صدقہ و خیرات کرنے کا حکم ہے تاکہ معاشرے میں معاشی پریشانی کا شکار، مصیبت زدہ، بے گھر اور بے سہارا افراد کی مدد ہو سکے۔
فلاحی ادارے چلانے والوں کا کہنا ہے کہ اتنے فلاح و بہبود کے کاموں کے باوجود مسائل جوں کے توں ہیں، ملک میں امیر غریب کے لئے یکساں نظام ہونا چاہیے۔
فلاحی اداروں میں خدمات انجام دینے والے کہتے ہیں کہ معاشی طور پر پریشان اور بے سہارا لوگوں کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہیں۔