Official Web

82 سرکاری ادارے 40 میں ضم ، وفاقی کابینہ نے رائٹ سائزنگ کی سفارشات منظور کرلیں

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے قائم کی گئی کابینہ کمیٹی برائے رائٹ سا ئزنگ کی تجاویز کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں یہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ  پہلے مرحلے میں 6 وزارتوں پر کمیٹی کی سفارشات کا نفاذ شروع کیا گیا ہے، ان  وزارتوں کے 82  سرکاری اداروں کو  40 اداروں میں ضم اور تحلیل کرنے کیلئے سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔

 اداروں کی تحلیل اور ضم کرنے سے متاثر ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھی ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹائزیشن، اسمارٹ مینجمنٹ، ایفیشینٹ گورننس، منصوبوں پر شفاف اور تیز عملدرآمد اور عام آدمی کو سہولیات کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ کارکردگی بہتر بنانے، افرادی قوت کے صحیح استعمال، پالیسی سازی، فیصلوں کے نفاذ میں غیر ضروری تعطل ختم کرنےاور صرف انتہائی ضروری محکموں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں 6 وزارتوں پر کمیٹی کی سفارشات کا نفاذ شروع کردیا گیا ہے ۔