امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جلد از جلد ڈیل کرنے پر زور دیتے ہوئے قاہرہ میں جاری مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق قاہرہ میں جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق جو بائیڈن نے قاہرہ مذاکرات کو غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے نیتن یاہو پر جلد از جلد جنگ بندی کی تجاویز کو قبول کرنے پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹیلی فون امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ناکام دورہ مشرقی وسطیٰ کے بعد کیا جس میں وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے کوئی بڑی پیشرفت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
گزشتہ کئی ماہ سے غزہ جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف قطر، مصر اور امریکا کے ثالث کاروں نے آنے والے دنوں میں دوبارہ قاہرہ میں بیٹھک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نے قاہرہ میں مستقبل میں ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بھی گفتگو کی تاکہ جنگ بندی ڈیل میں حائل رکاؤٹوں کو جلد از جلد دور کر کے سیز فائز اور قیدیوں کی رہائی کے معاملات طے کیے جائیں۔
رائٹرز کے مطابق جو بائیڈن اور نیتن یاہو نے ایران، حزب اللہ، حماس اور حوثیوں کے اقدامات کے خلاف اسرائیل کے لیے امریکی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے مستقبل میں امریکی فوج کی تعیناتی پر بھی گفتگو کی۔