میلبرن: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے، میں اس وقت کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔
میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سٹیو سمتھ نے کہا ہے کہ میں بڑا پرسکون ہوں اور آنے والے سیزن کا منتظر ہوں، بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک چیلنج ہو گی، بھارت ایک اچھی ٹیم ہے۔
سٹیو سمتھ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں دنیا کی دو بہترین ٹیسٹ ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے، ٹیسٹ میں اوپننگ جاری رکھنے کے حوالے سے ابھی گفتگو ہو گی۔
سابق کپتان نے کہا کہ ابھی ہم انگلینڈ سے ون ڈے میچز کھیلنے جا رہے ہیں اس پر پھر بات ہو گی، میں کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے ڈراپ ہونے اور ٹیسٹ کرکٹ میں فلاپ ہونے پر سٹیو سمتھ کے ریٹائر ہونے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔