اٹک( شھزاد انجم بٹ سے ) کانٹا اور ٹیکس سے بچنے کے لئے ہیوی ڈمپر نے سنجوال باہتر روڈ کا استعمال شروع کردیا،اہل علاقہ کے استعمال اور چھوٹی گاڑیوں کے لئے کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے بنی سڑک ہیوی ٹریفک کے استعمال سے چند دن بھی نہیں نکال سکتی،اہل علاقہ کا اس سڑک پر ہیوی ڈمپرز کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے کاروائی کا مطالبہ یونین کونسل بولیانوال کے معززین نے بتایا ہے کہ سنجوال باہتر روڈ جو کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی عوام کے پرزور مطالبہ پر اس وقت کے رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کی کاوشوں سے کروڑوں روپے کی خطیر رقم سےتعمیر نو و مرمت کی گئی جس سے مذکورہ روڈ بہتر ہو گئی اور عوام علاقہ نے سکون کا سانس لیا تھا، مذکورہ سڑک اہل علاقہ کی ضرورت تھی جو صرف علاقہ کی ٹریفک کے لئے بنائی گئی تھی مگر اب بدقسمتی سے سنجوال باہتر روڈ سے ریت سے لدے بھاری بھرکم وزن والے ڈمپرز گزرنا شروع ہوگئے ہیں جو چند دنوں میں سڑک کا ستیا ناس کردیں گے،اہل علاقہ معززین نے بتایا کہ ڈمپرز لارنس پور سے ریت لوڈ کرتے ہیں اور جی ٹی روڈ سے کانٹا جہاں وزن زیادہ ہونے پر جرمانہ کیا جاتا ہے اور جی ٹی روڈ پر ٹیکس سے بچنے کے لئے سنجوال باہتر روڈ استعمال کر رہے ہیں کیونکہ سنجوال باہتر روڈ پر سنگ جانی،باہتر موڑ اور قطبال تک کہیں بھی کوئی رکاوٹ کانٹا اور ٹیکس نہیں ہے،ان ڈمپرز کے گزرنے سے سڑک خراب ہونا شروع ہو گئی ہے،معززین علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس حکام سے ان ڈمپرز کو مذکورہ سڑک پر گزرنے سے روکنے اور اصلاح و احوال کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔