اٹک( شھزاد انجم بٹ سے ) رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ درخت لگا کر ہم اپنی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں،انہوں نے ان خیالات کا اظہارگورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا،پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسرخالد جاوید صدیقی،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسرارشد خان،پروفیسر عاصم رشید،صدرمسلم لیگ(ن) حلقہ پی پی تین میاں شاہ نواز شانی،ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق اور دیگر افسران بھی موجود تھے،رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اس سال یوم آزادی کے موقع پرتقریبا ایک لاکھ پودے لگائے گئے، کسی بھی ملک کی ماحولیاتی بقا کے لیے ضروری ہے کہ 25 فیصد علاقے پر جنگلات موجود ہوں جبکہ پاکستان میں صرف پانچ فیصد علاقے پر جنگلات موجود ہیں،اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے درخت لگائے اور اس کی نشوونماپربھرپور دھیان دے،انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک تاریخی حیثیت کا حامل ہے اور اس کی ترقی کے لیے وہ اپنا ہرممکن کردار ادا کرتے رہیں گے اور طلباء کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا،آخر میں پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک پروفیسر خالد جاوید صدیقی نے رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔