کلر سیداں (نامہ نگار) خدا کرے میری ارض پاک پر اترے، وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو۔آزادی کے 77سال مکمل ہونے پر کلر سیداں کے علاقہ دھمالی میں مریم انٹرنیشنل سکول خوشیوں کی برسات میں نہا گئی۔سکول میں جشن آزادی کے سلسلے میں رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق لیڈی کونسلر یوسی کنوہا محترمہ برجیس جیلانی اور لیگل ایڈواہزر بانوجہانگیر راجہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کا خواب اور آنے والی نسلیں اس کی تعبیر ہیں۔پاکستان کلمے کی بنیاد پر وجود عمل میں آیا اور دشمنان اسلام کی آنکھ میں یہ بات کھٹک رہی ہے پاکستان ایٹمی قوت بن گیا،پوری دنیا میں جہاں جہاں بھی مسلمان آباد ہیں سب کا غرور پاکستان ہے کیونکہ پاکستان کلمہ پڑھنے والوں کا ملک ہے اور جو کلمہ گو ہے وہ ہم سے ہی ہے۔انہوں نے ان سپوتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی مائیں انہیں سرحدوں میں بھیجتی ہیں،ان بہادر سپوتوں کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی آگ و خون سے ملتی ہے،ہم سب کو مل کر اپنے وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا،ہم بلاتفریق رنگ و نسل اس ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔ تقریب کے دوران قومی نغمات،اردو انگریزی تقاریر اور بیت بازی کے مقابلے بھی ہوئے۔ بچوں کے والدین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔شہدا کو سلام پیش کیا جنہوں نے اپنی زندگیاں وطن کی سلامتی کیلئے قربان کر دیں۔تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کیک کاٹا ہے اور ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ دریں اثناء سابق لیڈی کونسلر برجیس جیلانی اور سکول انتظامیہ نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں سکول کے لان اور مقامی قبرستان میں مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے۔