Official Web

مسک کو انٹرویو، ٹرمپ نے کاملا ہیرس کوبائیڈن سے بھی زیادہ نااہل قراردیدیا

نیویارک : امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹ حریف کاملا ہیرس تو جوبائیڈن سے بھی زیادہ نااہل ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن اور کاملا ہیرس کے پاس کئی ماہ اب بھی باقی ہیں مگر وہ کچھ نہیں کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات دنیا کے ارب پتی شخص اور ایکس کے مالک ایلون مسک کو انٹرویو میں کہی، انٹرویو کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ کریش کرگئی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایلون مسک کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو کے 45 منٹ کے دوران ایکس کاؤنٹر کے مطابق 1.3 ملین افراد انٹرویو سننے کیلئے موجود تھے۔

خود پر قاتلانہ حملے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ سیکریٹ سروس نے پیشہ وارانہ انداز سے کام کیا، گولی لگنے کے بعد سے انکا اعتقاد اور بڑھ گیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ایلون مسک 12 اگست کو ان کا انٹرویو کریں گے۔

ایلون مسک متعدد مرتبہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کھل کر حمایت کرچکے ہیں، حال ہی میں قاتلانہ حملے کے بعد ایلون مسک نے ایک مرتبہ پھر سابق صدر کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کو صدارتی انتخابات سے قبل ایک اور دھچکا لگا، ٹرمپ عدالت کی جانب سے ریلیف حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔

امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ صدارتی الیکشن تک نیویارک کورٹ کی سزا کوروکنا چاہتے ہیں، جبکہ کاملاہیرس کو نئے سروے میں ٹرمپ پر معمولی برتری حاصل ہوگئی ہے۔