Official Web

ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پرصدر، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں کی مبارکباد

اسلام آباد: پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ، ارشد ندیم کو تاریخی کامیابی پر صدر مملکت ، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں نے مبارکباد دی ہے ۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں، ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا، پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے محنت اور لگن سے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، دہائیوں بعد ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی۔

انہوں نے کہا  کہ اس شاندار کامیابی کا سہرا ارشد ندیم اور اس کے اہلخانہ کی محنت کو جاتا ہے، گزشتہ ملاقات میں ارشد ندیم کو بلند حوصلہ اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے جذبے سے بھرپور پایا تھا۔

ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں ، صدرمملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم آپ پوری قوم کا فخر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے، اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا ، طویل ترین تھرو کرنا بڑا کارنامہ ہے ، اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔

صدر مملکت نے مزیدکہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا ، اللہ تعالیٰ ارشد ندیم کو مستقبل میں مزید کامیابیوں سے نوازے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے بھی ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، سمیت تمام اہم رہنماؤں نے بھی ارشد ندیم اور قوم کو مبارکباد دی ۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے جیولین تھرور ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔