Official Web

تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی رہنما اور ایم این اے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کے دستخطوں سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نوٹس پیریڈ پر تھے۔

اعلامیے کے مطابق نوٹس پیریڈ کے دوران انضباطی کمیٹی نے محسوس کیا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی ضوابط کا کوئی خیال نہیں ہے، شیرافضل مروت خود کو پارٹی قوانین سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

تحریک انصاف کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اگر شیر افضل مروت ایک عزت دار شخص ہیں تو وہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں۔

یاد رہے کہ شیرافضل مروت کو متنازع بیانات دینے کے بعد جولائی کے مہینے میں پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس پر شیر افضل مروت کی جانب سے شوکاز نوٹس کا جواب دیا گیا لیکن پارٹی نے ان کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔

شیر افضل مروت کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے کسی بھی شوکاز کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا، آپ کے پارٹی رہنماؤں کیخلاف دیے گئے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم  بانی پی ٹی آئی نے پارٹی قیادت کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا اختیار دے رکھا ہے۔

شیر افضل مروت کا ردعمل

دوسری جانب سماجی ربطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مؤقف میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں لیکن ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھاہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میرے قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا ہے، غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں، میں کوشش کروں گا لیڈر سے ملکر اپنا موقف انکے سامنے پیش کروں۔ میں انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کروں گا اگر وہ مطمئن نہ ہوئے تو سیٹ انکی امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دونگا۔