Official Web

بجٹ پاکستانی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے: عمر ایوب

اسلام آباد:  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجٹ پاکستانی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے خود کہا بجٹ آئی ایم ایف نے بنایا ہے، بجلی کا یونٹ آئندہ کچھ دنوں میں 100 روپے سے اوپر جائے گا، ڈالر مصنوعی قیمت 275 روپے ہے، آئندہ دنوں میں 300سے اوپر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد سیاسی اور جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، یہ سب کچھ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کو جیل کے اندر رکھنے کیلئے کیا جا رہا ہے، یہ تمام کیس ختم ہونے والے ہیں ،ان کے پاس صرف عدت کیس کا بہانہ ر ہ گیا ہے، یہ سارے لوگ پھر انہی عدالتوں میں گھومتے پھرتے نظر آئیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے پی ایم اور نادان حکومت نے خود اپنے بلیڈ سے شہ رگ کاٹی ہے، انہوں نے خود پھانسی کے پھندے کے پر چڑھ کر پھندا گلے میں ڈالا ہے،1984میں ایک کتاب اینیمل فارم لکھی گئی تھی، وہی چیزیں اب ہو رہی ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ میں نے دنیا میں بہت سے نادان لوگ دیکھے ہیں، موجودہ حکومت جیسی نادان حکومت کبھی نہیں دیکھی۔

عمران خان کے آنے سے ملک میں استحکام آئے گا: بابر اعوان
اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سارے سیاسی اور جھوٹے مقدمات ہیں اور یہ مقدمات بنانے والے بہت بڑے جھوٹے ہیں، پوری کوشش ہو رہی ہے کہ لوگ مصنوعی طریقے سے مان جائیں کہ ہم نے استحکام پیدا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک معاشی طور پر بحال ہوگیا ہے، بجلی 70روپے فی یونٹ تک چلی گئی ہے، استحکام کا واحد راستہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں، بانی پی ٹی آئی کے آنے سے ہی ملک میں استحکام آئے گا، عمران خان کاراستہ روکیں گے تو استحکام کا راستہ رکے گا۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ان کے خلاف بولی ہے، عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کا ٹرائل اوپن کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی ایک ویڈیو آتی ہے ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، یہ عمران خان کی ایک جھلک سے ڈرتے ہیں۔

بابراعوان نے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات پر ہائی پاور جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، وزیراعظم کہتے ہیں بجٹ میں نے نہیں بنایا، وزیراعظم اندر معتبر لوگوں سے کہتے ہیں مجھ سے کیوں ناراض ہوتے ہیں۔