Official Web

اسلام آباد پولیس کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ برآمد

اسلام آباد پولیس نے علاقہ تھانہ سنگجانی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

دوران آپریشن کچھ ملزمان پولیس ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، پولیس نے علاقے کو گھیر میں لیکر مزید نفری کی مدد سے تلاش شروع کر دی۔

جائے وقوعہ سے کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، تار اور خودکش جیکٹ کا سامان پولیس نے اپنی تحویل میں لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے بارودی مواد کو ناکارہ کر دیا گیا ہے۔

ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کی جا رہی ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر آپریشن جاری ہے۔