Official Web

فنانس بل میں درآمدی اشیاء پر 5 سے لے کر 55 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد

اسلام آباد: فنانس بل 2024 کے تحت سیکٹروں درآمدی اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ٹیکسوں کا اطلاق ہو گیا ہے جس کے مطابق درآمدی اشیاء پر 5 فیصد سے لے کر 55 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق چینی مینوفیکچرر کیلئے سپلائی پر 15 روپے فکسڈ ڈیوٹی اور سگریٹس میں استعمال ہونے والے فلٹر پر 44 ہزار روپے فی کلو ، نیکوٹین پاؤچز پر 1200 روپے فی کلو اور موبل آئل پر بھی 5 فیصد ایکسائز ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے۔

فائلرز کیلئے تاخیر سے ریٹرن فائل کرنے پر بھی اضافی ٹیکس عائد کردیا گیا ہے، 5 کروڑ مالیت رکھنے والا فائلرز تاخیر سے ریٹرن فائل کرے گا تو 6 فیصد اور 10 کروڑ تک مالیت رکھنے والے پر 7 فیصد جب کہ 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت والے فائلرز کیلئے تاخیر سے ریٹرن فائل کرنے پر 8 فیصد اضافی ٹیکس لگے گا۔

ادھر زندہ فِش کی درآمد پر 10 فیصد، فریز فِش پر 35 فیصد، درآمدی دودھ اور کریم پر 25 فیصد، دہی، مکھن، نٹس پر 20 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی گئی جب کہ درآمدی قدرتی شہد پر 30 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی گئی۔

درآمدی کھجوروں، انجیر، انناس، امرود اور آم پر ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح 25 فیصد عائد، درآمدی چیری پر 35 فیصد، سیب اور لیچی پر 45 فیصد، مکئی پر 30 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

درآمدی پرفیوم، میک اپ کا سامان، اسکن کیئر آئٹم، بالوں کیلئے مختلف آئٹمز پر 55 فیصد، شیونگ کریم اور مختلف صابن پر بھی 50 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردی گئی۔

درآمدی اوور کوٹ، ٹوپی، جیکٹس، ٹراؤزرز اور شارٹس، اسکرٹس، ٹراؤزر، ٹریک سوٹ، رومال، شال، مفلرز، ویلز، ٹائی اور کمبلز پر بھی 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

کمرشل پراپرٹی، اوپن پلاٹ یا رہائش کیلئے پلاٹ کی خریداری پر فائلرز کیلئے ایکسائز 3 فیصد،کمرشل پراپرٹی، اوپن پلاٹ یا رہائش کیلئے پلاٹ کی خریداری پر لیٹ فائلرز کیلئے ایکسائز 5 فیصد اور کمرشل پراپرٹی، اوپن پلاٹ یا رہائش کیلئے پلاٹ کی خریداری پر نان فائلرز کیلئے ایکسائز 7 فیصد ڈیوٹی عائد کردی گئی ہے۔