Official Web

پنجاب : مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ، 44 دہشتگرد گرفتار

اہور:  پنجاب کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظرکاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے ماہ مئی میں 794 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 44 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ماہ مئی کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، راولپنڈی ، گوجرانوالہ، فیصل آباد ، نارووال ، سیالکوٹ ، خانیوال ، منڈی بہاؤالدین ، جھنگ ، رحیم یار خان ، اور بہاولپور میں آپریشنز کیے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا بتانا ہے کہ لاہور سے ٹی ٹی پی کے 2 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ ، ایک ہینڈ گرنیڈ، 37 ڈیٹونیٹر، 174 فٹ حفاظتی فیوز وائر، تین آئی ای ڈی بم ، پرائما کارڈ، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی ۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت محمد خان ، عبدالرؤف ، حبیب اللہ ، محمد شہزاد، حمایت اللہ ، اسامہ ، عظیم ، طارق خان ، تنویر احمد ، احسن وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے ، دہشت گرد مختلف مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مئی میں 2738 کومبنگ آپریشنز کے دوران 673 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 96796 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ،  سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔