Official Web

وزیر اعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دیدی

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مختلف وفاقی وزارتوں کی جانب سے  پاک چین معاشی تعلقات سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ زراعت، آئی ٹی اور انرجی سیکٹر میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے،چین  پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چینی انڈسٹری خصوصاً ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانےکی دعوت دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کا خواہاں ہے، حکومت چینی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، پاکستان میں مقیم چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سی پیک کے اگلے مرحلے کے حوالےسے بھرپور تیاری کررہے ہیں، چینی تعاون سے گوادر بندرگاہ کو لاجسٹکس کا حب بنایا جائے گا۔