Official Web

روپے کی بے قدری، ڈالر پھر مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان

کراچی:  پاکستانی روپے کی بے قدری جاری ہے، امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا جبکہ سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 21 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 278 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 9 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 39 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے، سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس میں 131 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد سٹاک مارکیٹ 75 ہزار 338 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے دوسرے دن سٹاک مارکیٹ میں 122 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے باعث 100 انڈیکس 75 ہزار 206 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔