Official Web

ایران میں 5 روزہ سوگ ،ایرانی صدر کی آخری رسومات آج سے شروع ہوں گی

تہران :  ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر اور رفقا کی وفات پر ایران میں روزہ5 سوگ ہے، ایرانی صدر اوررفقا کی تجہیزوتکفین کا آغاز آج تبریز سے ہوگا ۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر اور دیگر کی میتیں تبریز پہنچادی گئیں جہاں سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر شہیدوں کی میتوں کو تہران لے جایا جائے گا ۔

جاں بحق افراد کی نمازجنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی ، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای تہران میں نماز جنازہ پڑھائیں گے۔

ابراہیم رئیسی کو جمعہ کو مشہد میں سپردخاک کیا جائے گا ، آیت اللّٰہ آل ہاشم کی تدفین جمعہ کو تبریز میں کی جائے گی جبکہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر کی تدفین مراغہ شہر میں کی جائے گی۔

ایرانی صدر و دیگر شہدا کی نمازجنازہ کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔

ایرانی حکام کے مطابق آخری رسومات کے سلسلے میں  ایران میں تعزیتی اجتماعات کاانعقاد کیاگیا، تہران،نجف، تبریز ودیگر شہروں میں سوگوار بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ان اجتماعات کی چند تصاویر یہاں شیئر کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر سے عالمی رہنماؤں کا ابرہیم رئیسی اور رفقا کے انتقال پر اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان میں ایرانی صدر کی شہادت پر ایک روزہ سوگ منایا جارہا ہے  جبکہ لبنان میں بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر پاکستان میں بھی آج یوم سوگ

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان صوبہ مشرقی آذربائیجان کے پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے، وہ آذربائیجان کی سرحد پر ایک ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر تبریز جا رہے تھے۔

اس حادثے میں ابراہیم رئیسی کے علاوہ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور عملے سمیت سات دیگر افراد بھی جاں بحق ہوئے۔

ایرانی حکام کے مطابق حادثہ بظاہر شدید دھند اور خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا تاہم ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں