Official Web

پنجاب حکومت ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بجائے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو: اسد قیصر

اسلام آباد:  تحریک انصاف کے رہنما اسدقیصرنے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے بجائے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر اپوزیشن نے کسانوں کے حق میں احتجاج کیا ، اپوزیشن کے احتجاجی مظاہرے میں بیرسٹر گوہرعلی،اسد قیصر،حامد رضا ودیگر شریک ہوئے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ اہل پاکستان کے وفد نے فیصل آباد میں کسانوں کے وفد سے ملاقات کی، فیصل آباد سے نکلے تو کسان رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا، صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پنجاب کے کسان کے پاس اگلی فصل کے پیسے نہیں ہیں، پنجاب کے زمیندار کی فصل ان کی زمینوں پر پڑی ہے، جو خراب ہو رہی ہے اسے فوری طور پر اٹھایا جائے ، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر بھی گندم نہیں خریدی جا رہی۔

تحریک انصاف کے رہنما اسدقیصر نے کہا کہ گندم کے ایشو کو مرنے نہیں دیں گے، ، ہم پنجاب کے کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، گنے کے کاشتکار بھی دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں،انہیں شرم آنی چاہیے۔

ان کاکہنا تھا کہ ہم اس مسئلے کو اجلاس میں آج اُٹھانا چاہ رہے تھے لیکن اجلاس ملتوی کر دیا گیا، وزیرستان میں ڈرون حملہ ہوا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، کیا وزیر خارجہ نے اس پر احتجاج ریکارڈ کروا یا ہے، یہ ملکی خود مختاری پر حملہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 جون کو اجلاس ہو گا اس میں اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا، آج 15 منٹ کا اجلاس چلا کر اجلاس ملتوی کر دیا گیا، کے پی کی حکومت پر سوال اُٹھایا گیا آج جواب دینا چاہتے تھے۔

زرتاج گل کا کہنا تھا  کہ کل پارلیمنٹ کے اندر ایک بہت برا واقعہ ہوا، طارق بشیر چیمہ میری سیٹ پر آئے اور ایسے الفاظ استعمال کیا جو غیر پارلیمانی الفاظ تھے، یہ الفاظ معاشرتی اقدار کے خلاف تھے۔