لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی ہے۔
جاتی امراء میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نو منتخب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، ملاقات میں صوبے کی ترقی کے لیے مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی بہتری، پائیدار ترقی اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، ملاقات میں اقتصادی ترقی، گورننس، تعلیم، صحت کی سہولیات، امن و امان اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت ہوئی جبکہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر آئینی عہدے کا احترام کرتے ہیں، صوبے میں قانون کی حکمرانی ہوگی، گورنر ایک آئینی عہدہ ہے جو صوبوں اور وفاق کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے، صوبہ بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، روڈ انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے متعدد پراجیکٹس کا آغاز کیا ہے، محروم طبقات کی زندگی میں آسانی کیلئے خصوصی سوشل پروٹیکشن پروگرام شروع کیے ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، صوبے میں آئین اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کیلئے حکومت کو گورنر ہاؤس سے مکمل تعاون حاصل ہوگا۔