Official Web

قومی اسمبلی کا اجلاس آج، وفاقی وزیر خزانہ مختلف رپورٹس پیش کریں گے

اسلام آباد:  قومی اسمبلی کا اجلاس آج سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہو گا، اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ مختلف رپورٹس پیش کریں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ساتویں این ایف سی ایوارڈ پر عملدرآمد کی ششماہی نگرانی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے جبکہ مالی سال 24-2023 کی وسط سالہ میزانیائی جائزہ رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔

محمد اورنگزیب مالیاتی پالیسی گوشوارہ برائے جنوری 2024 اور قرضہ جات پالیسی گوشوارہ برائے جنوری 2024 ایوان میں پیش کریں گے، نگرانی کارکردگی رپورٹ برائے مالی سال 23-2022 بھی پیش کریں گے۔

وزیر خزانہ حکومت کے حسابات تخصیص برائے مالی سال 21-2020، وفاقی حسابات سے متعلق آڈیٹر جنرل آڈٹ رپورٹس برائے آڈٹ سال 22-2021 ایوان میں پیش کریں گے اسی طرح حکومت کے غیر صرف شدہ حسابات تخصیص برائے سال 22-2021 بھی پیش کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ایوان میں صدر مملکت کے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پر بحث جاری رہے گی، سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس اور ڈیوٹی کی چھوٹ واپس لینے کی تجویز پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کراچی کے پرانے علاقوں اور دیہاتوں میں گیس کی بندش پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔