Official Web

غزہ: 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں سے مزید 82 فلسطینی شہید

غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 82 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے بڑھا دیے ہیں، اسرائیلی ٹینکوں، بلڈوزروں اور بکتربند گاڑیوں نے جبالیہ میں بےگھرافراد کے مراکز کا بھی محاصرہ کرلیا جب کہ رفح میں اسرائیلی فوج کے حملے مسلسل جاری ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق رفح اور جبالیہ کیمپ کے علاقوں میں اس وقت اسرائیلی فوج اور حماس کے جنگجوؤں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ صیہونی غزہ کے مظلوم شہریوں کیلئے امداد لانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر بھی حملے کررہے ہیں جب کہ رفح کے قریب واقع یورپین اسپتال کو جنریٹرز کیلئے  ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق رفح میں اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد اب تک 4 لاکھ سے زائد افراد رفح چھوڑ کر غزہ کے دیگر شہروں اور کیمپوں میں چلے گئے ہیں، یہ تمام شہری بے سروسامانی کی حالت میں ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 35 ہزا سے زائد افراد شہید اور 78 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔