Official Web

9مئی پاکستان کی انا کا مسئلہ، ملوث افراد کا احتساب ہونا چاہیے: خواجہ آصف

اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ9مئی پاکستان کی انا کا مسئلہ ہے، ملوث افراد کا احتساب ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو پتہ ہونا چاہیے کہ 9 مئی کے مقاصد کیا تھےاور اس کے سپانسر کون تھے؟، شہدا نے اس ملک کے دفاع کیلئے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کا واقعہ پاکستان کی انا کا مسئلہ ہے ، امریکہ کو ابیسلوٹی ناٹ کہنے والے امریکی سفیر سے ملاقاتیں کررہے ہیں،9مئی کے تانے بانے 2014 سے شروع ہوئے، 9 مئی کا دن ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی اور یادگار شہدا کو نذر آتش کیا گیا ۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو مالی بحران سے دوچار کیا،2013 میں جو سازش تیار ہوئی اس کا ہدف نواز شریف تھے۔