Official Web

ہر 5 میں سے 1 فرد جگر کی چربی سے متعلقہ بیماری میں مبتلا ہے، تحقیق

برسٹل: ایک نئی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ہر پانچ میں سے ایک بالغ فرد ِجگر کی چربی سے متعلقہ بیماری میں مبتلا ہے جسے (fatty liver disease) کہا جاتا ہے۔

جگر کی چربی بنیادی طور پر شراب اور موٹاپے کی وجہ سے ہوتی ہے اور یہ عام طور پر 40 سے 60 کی عمر کے لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔ تاہم حال ہی میں 24 سال کے 40 ہزار نوعمر افراد کا مطالعہ کیا گیا جس سے پتہ چلا کہ ہر 5 میں سے ایک اس بیماری میں مبتلا ہے۔

برطانوی محققین نے برسٹل میں ’چلڈرن فرام دی 90s‘ نامی پروجیکٹ کے اعداد و شمار کا استعمال کیا جس میں 1991 سے 1992 کے درمیان پیدا ہونے والے ہزاروں بچوں کا تجزیہ کیا گیا۔

نتائج میں پایا گیا کہ شراب نوشی اور موٹاپا جب ایک ساتھ موجود ہوں تو یہ جگر کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔ یہ جگر سے متعلق اموات میں تیزی سے اضافے کا بھی سبب ہے۔

محققین نے یہ بھی پایا کہ 17 سال کی عمر میں 40 شرکاء میں سے ایک کو فیٹی لیور بیماری تھی جبکہ 24 سال کی عمر تک ہر پانچ میں سے ایک نوجوان اس بیماری میں مبتلا تھا۔

علاوہ زیں ہر 40 میں سے ایک اس بیماری کی تشویش ناک حالت میں مبتلا تھا۔

محققین کی ٹیم کا کہنا تھا کہ نوجوان لوگوں میں فیٹی لیور کی بیماری سے نمٹنے کے لیے شراب اور موٹاپے سے متعلق نقصانات کو کم کیا جانا بہت ضروری ہے اور اس کے لیے اہداف مقرر کرکے فوری اقدامات کرنا ہونگے۔