Official Web

تحریک انصاف نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب غیرآئینی قراردے دیا

اسلام آباد:  تحریک انصاف نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ انتخاب کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے غیرآئینی قرار دے دیا۔

تحریک انصاف کی سیاسی و کورکمیٹی نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دے دیا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کور کمیٹی کے مطابق ہاؤس آف فیڈریشن نامکمل ہے، چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کاانتخاب غیر آئینی ہے، خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کا انتخاب کئے بغیر چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آئینی سکیم کے بھی خلاف ہے، چیئرمین کی غیر موجودگی میں سینیٹ غیر فعال ہے۔

ذرائع کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ انتظامی فیصلوں کے علاوہ کوئی فیصلہ نہیں لے سکتی، سیکرٹری سینیٹ دباؤ میں آکر ازخود آئین کی تشریح نہیں کرسکتے، چیئرمین سینیٹ کے بغیر ایوان بالاء صرف ایک ڈپارٹمنٹ کی حد تک محدود ہوگیا ہے۔

ذرائع کور کمیٹی کے مطابق جمہوری دور میں پہلی بار سینیٹ غیر فعال ہوا،آئینی سکیم کو پامال کیاگیا، سینیٹ کو غیر فعال کرنے والوں ذمہ داروں کیخلاف آئین شکنی کی کارروائی ہونی چاہیے۔