Official Web

پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعۃ الوداع یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا

لاہور:  پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

عالمی یوم القدس کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، مظفرآباد، گلگت و بلتستان میں بڑی ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔

غزہ سمیت فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے یوم القدس کی ریلی میں علامہ ساجد نقوی، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس، لیاقت بلوچ سمیت بڑے مذہبی رہنماؤں نے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

یوم القدس کی مرکزی ریلی جی سکس ٹو امام بارگاہ سے ڈی چوک تک مجلس وحدت مسلمین کی سربراہی میں نکالی جائے گی، مرکزی یوم القدس ریلی کی قیادت سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کریں گے۔

شیعہ علماء کونسل کی ریلی راولپنڈی پریس کلب تا کمیٹی چوک نکالی جائے گی، شیعہ علماء کونسل کی ریلی میں علامہ عارف واحدی، علامہ فرحت جوادی و دیگر شریک ہوں گے ۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے زیر اہتمام القدس ریلی آبپارہ تا سرینا چوک نکالی جائے گی، جماعت اسلامی ریلی کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔

جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام بھی بعد از نماز جمعہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا جائے گا۔