Official Web

ذوالفقار بھٹو کا عدالتی قتل پاکستان کیخلاف گھناؤنی سازش تھی: صدر زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل در اصل پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور خودداری کے خلاف گھناؤنی سازش تھی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین اور  پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے 45 ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر  آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اپنے وطن اور عوام سے عشق کرتے تھے، انہوں نے جنگ سے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کرکے اسے دنیا کے باوقار ممالک کی صف میں شامل کیا اور اپنے ملک کے عوام کو سوچنے کا شعور بولنے کیلئے زبان اور فخر سے سر اٹھا کر جینے کا ڈھنگ سکھایا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کی جستجو کر رہے تھے تاکہ ملک انرجی، صحت اور  زرعی طور ترقی یافتہ ملک بن کر دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں پہلے نمبر پر کھڑا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائد عوام کا عدالتی قتل در اصل تیز رفتاری سے ترقی کی منزلیں طے کرنے والے ملک کی پیٹھ میں خنجر گھوپنے کی طرح تھا، ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل دراصل پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور خودداری کے خلاف گھناؤنی سازش تھی۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ  ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم بغیر کسی خوف اور گھبراہٹ کے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جدوجہد کریں گے، یہ دھرتی ہمارے لیے مقدس ہے ہم اس دھرتی کو جنت جیسا بنائیں گے۔