Official Web

چینی باشندوں پر حملہ: وزیراعظم نے آج اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس طلب کر لیا

خیبرپختونخوا میں چینی باشندوں پر حملے کے بعد وزیراعظم نے آج اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق امور پرغور کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری حکام اورآئی جیز شریک ہوں گے۔

دوسری جانب آج طلب کیا گیا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے اب وفاقی کابینہ کا اجلاس 28 مارچ کو ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5 چینیوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق گاڑی چینی انجنیئرز اسلام آباد سے داسو کیمپ لے جا رہی تھی، خودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں اور ایک خاتون سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔ جبکہ شاہراہ قراقرم بشام اور کوہستان کے درمیان آمد و رفت کیلئے بند کردی گئی تھی۔

بشام میں چینی باشندوں پر حملےکی شدید مذمت کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج وغم کا اظہار بھی کیا۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ نے بتایا ہےکہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چینی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی۔