Official Web

آئی ۔ آر ۔ سی اورای ۔ پی ۔ اے خیبر پختونخواہ کا ماحولیاتی تحفظ کے فروغ کےعزم کا اظہار

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں باہمی دلچسپی کے اقدامات پر تعاون کے لیے مفاہمت کی ایک دستاویز پر دستخط کیے ۔

یہ تعاون دونوں تنظیموں کے مشترکہ وژن کی نشاندہی کرتا ہے جس کا مقصد "لیوریجنگ انکلوسیو اینڈ کلائمیٹ سینسیٹو واش فار ایمپاورمنٹ” (لائف پاکستان) پروجیکٹ کے تحت تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ شراکت داری ماحولیاتی پائیداری، تعلیم، اور کمیونٹی کی شمولیت کے لیے ایک مشترکہ عزم ہے۔

دونوں ادارے اس شراکت داری کے تحت، پائلٹ پروگرام کے لیے مل کر کام کریں گے اور اس کے بعد صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں گرین کلب بنائے جائیں گے۔ یہ کلب طلباء کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی کمی کے حوالے سے کام کریں ۔ اور انہیں شجرکاری مہم میں شامل کریں۔ اسی طرح کی گرین مہم کمیونٹی کی سطح پربھی چلائی جائے گی۔

پالیسی کی سطح پر، ای ۔ پی ۔ اے کمیونٹی، نجی شعبے، اور صنعتوں کے درمیان شعبہ جاتی روابط قائم کرنے میں آئی ۔ آر ۔ سی کی معاونت کرے گا ۔ دونوں ادارے شجرکاری، معلوماتی سیمینار اور دیگر منصوبوں پر بھی کام کریں گے ۔

محمد انور، ڈائریکٹر جنرل ای ۔ پی ۔ اے، حکومت خیبر پختونخوا نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ای ۔ پی ۔ اے کے پی اور آئی ۔ آر ۔ سی کے درمیان شراکت داری ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری کو فروغ دینے اور صوبے کے کاربن فوٹ پرنٹ میں کمی میں کردار ادا کرنے کی راہ ہموار کرے گی۔

لبنیٰ جاوید ، ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز آئی ۔ آر ۔ سی نے کہا، کہ آئی ۔ آر ۔ سی اور ای ۔ پی ۔ اے کے پی ماحولیاتی خطرات کا سامنا کرنے والی کمیونٹیز کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں ۔
دونوں اداروں کے مشترکہ مہارت، وسائل اور عزم کے ذریعے، اس تعاون سے خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔