اسلام آباد: ہائیکورٹ نے عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر ان کیمرا کارروائی کی درخواست نمٹادی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ چونکہ سائفر کیس ٹرائل کورٹ میں ان کیمرا چل رہا ہے اس لیے ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست پر بھی ان کیمرا کارروائی کی جائے کیونکہ اس حوالے سے حساس معلومات ہیں اور عدالت کے سامنے ایسی معلومات، دستاویزات رکھنی ہیں جنہیں پبلک نہیں کیا جاسکتا ہے۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ایف آئی اےکی درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر ان کیمرا کارروائی کی درخوست نمٹادی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہےکہ سائفرکیس میں درخواست ضمانت کی سماعت 9 اکتوبرکو اوپن کورٹ میں ہوگی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ وکلاجن معلومات یا دستاویزات کے حساس ہونےکی نشاندہی کریں گے اس پردلائل ان کیمراسنے جائیں گے۔