Official Web

نگراں وزیراعظم نے عمرہ ادا کرلیا، خانہ کعبہ کے اندر نماز کی سعادت

 اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عمرہ ادا کرلیا جب کہ انہیں خانہ کعبہ کے اندر نماز کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ گزشتہ شب مکہ مکرمہ پہنچے، جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا۔ نگراں وزیراعظم نے خانہ کعبہ کے اندر نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔

بعد ازاں انہوں نے  مسجد الحرام میں امت مسلمہ  اور پاکستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے دعا کی۔ اس سے پہلے نگراں وزیراعظم کے مدینہ  منورہ سے جدہ پہنچنے پر اعلیٰ سعودی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے عملے نے استقبال کیا تھا۔ انوار الحق کاکڑ جدہ ائرپورٹ ہی سے عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے تھے۔

قبل ازیں نگراں وزیراعظم لندن  سے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا تھا۔ بعد ازاں نگراں وزیراعظم نے روضہ رسول پر حاضری دی اور ریاض الجنۃ میں نوافل ادا کیے۔

%d bloggers like this: