Official Web

آشوبِ چشم کی وبا: پنجاب کے اسکول کل سے پیر تک بند رکھنے کا اعلان

آشوب چشم کی وبا کی وجہ سے پنجاب کے  نجی اور سرکاری  اسکول کل سے پیر تک بند رہیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے 28 اور 30 ستمبر کو اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

29 ستمبر کو عیدمیلادالنبی کی عام تعطیل ہے جس کی وجہ سے اسکولز بند رہیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول راوی روڈ کا دورہ کیا اس موقع پر  آشوب چشم سے متاثرہ بچوں کی اسکولوں میں حاضری پر نگران وزیراعلیٰ برہم ہوگئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری اسکولز کو فوری طلب کیا اور  پنجاب بھر کے نجی اور سرکاری اسکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کو چھٹی دینے کی ہدایت کی۔

سیکرٹری اسکولز  کے مطابق فیصلہ پنجاب میں آشوب چشم کی وبا سے بچوں کا محفوظ رکھنے کے لیے کیا، فیصلے کا اطلاق پنجاب بھر کے اسکولوں پر ہوگا۔