Official Web

کراچی: نشتر پارک سے چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس برآمد

کراچی:  کراچی میں چپ تعزیہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا جس سے قبل نشتر پارک میں الوداعی مجلس منعقد ہوئی۔

چپ تعزیہ کا جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات ہے جبکہ گلیاں اور سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی گئی ہیں، چپ تعزیہ کے جلوس کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

جلوس کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں چپ تعزیے کا دوسرا جلوس دوپہر 1 بجے رضویہ چورنگی ناظم آباد سے برآمد ہوگا، جلوس لسبیلہ سے تین ہٹی اور سینٹرل جیل سے ہوتا ہوا مارٹن روڈ امام بارگاہ پر ختم ہوگا۔

ٹریفک پولیس نے جلوسوں کے باعث متبادل روٹس کا اعلان کر دیا ہے، نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ناظم آباد نمبر 7 سے آنے والا ٹریفک لیاقت آباد 10 نمبر کو موڑ دیا جائے گا۔

واٹر پمپ سے کریم آباد فلائی اوور دوپہر ایک بجے ٹریفک کیلئے بند ہوجائے گا، جبکہ سندھی ہوٹل سے ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا،اسی طرح دوپہر ایک بجے کے بعد ٹریفک گرومند سے بنوری ٹاؤن سگنل، نیو ایم اے جناح روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، اس دوران گرین اور اورنج لائن سروس بند رہے گی۔

%d bloggers like this: