Official Web

محکمہ موسمیات کی 24 ستمبر تک موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 24 ستمبر تک موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری ، گلیات، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں  بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، اٹک ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان تین روز کے دوران  راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت سبی، قلات، لسبیلہ، کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی بارش ہوگی، جس سے نشیبی علاقوں کے زیرآب آنے اور آندھی سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

اس بارے میں محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر د ی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہوائیں داخل ہو گئیں، جس سے سندھ میں کراچی، حیدر آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے  تیز بارشوں کے سبب  سجاول، عمر کوٹ اور تھرپارکر سمیت بعض نشیبی علاقوں کے  زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ آج سے راولپنڈی اسلام آباد میں بھی  بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، علی الصبح راولپنڈی اسلام آباد میں ہونیوالی موسلادھار بارش سے موسم میں خنکی بڑھ گئی ہے ، ایم ڈی واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 30ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں  محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث مری، گلیات، کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

%d bloggers like this: