Official Web

بحال شدہ پہلے نیب کیس کی سماعت، راجہ پرویز اشرف کی طلبی

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے بحال کیے گئے کیسز میں سے پہلے کیس کی سماعت کرتے ہوئے رینٹل پاور کیس میں راجہ پرویز اشرف کو طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترامیم کی چند شقوں کو کالعدم قرار دینے کے بعد سیاست دانوں کے کرپشن کیسز دوبارہ کھل گئے ہیں۔ احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے پہلا کیس کھول دیا جو کہ رینٹل پاور کرپشن کیس ہے، بحال کیے گئے اس پہلے کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو طلب کرلیا۔

احتساب عدالت (نیب کورٹ) میں نیب کی درخواست پر رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس کیس میں ٹرائل کا دائرہ اختیار اسی عدالت کا بنتا ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست پر کیس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز کی طلبی کا سمن جاری کردیا اور کہا ہے کہ اس کیس میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کرپشن کیس

اس طرح احتساب عدالت نے فرزانہ راجہ کے خلاف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں خورد برد ریفرنس میں دلائل طلب کرلیے۔ عدالت نے فرزانہ راجہ سمیت دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کیے ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے مزید بحال شدہ کیسز پر کارروائی کرتے ہوئے لوک ورثہ اسلام آباد کے فنڈ میں خورد برد ریفرنس پر روبینہ خالد سمیت شریک ملزمان کو 4 اکتوبر کو طلب کرتے ہوئے سمن جاری کردیا۔

%d bloggers like this: